پاکستان کے معروف کردار مفتی عبدالقوی ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کے ساتھ لیک ہونے والی ویڈیوز کے بعد مشکل میں آگئے۔ ان کے خاندان کی جانب سے انہیں گھر تک محدود کردیا گیا ہے اور ان کا موبائل فون بھی ضبط کر لیا گیا ہے جب کہ ان کا ’نفسیاتی علاج‘ بھی جاری ہے۔
مفتی خاندان کے سربراہان اور ان کے قریبی عزیزوں نے اعلان کیا کہ عبدالقوی سے مفتی کا ٹائٹل واپس لے لیاگیا ہے جو کہ علامتی تھا۔ وہ اب کوئی بھی فتوی جاری نہیں کرسکیں گے اور اب سے ان کے بیانات بھی غیر موثر ہوں گے۔ عبدالقوی کےچچا عبدالواحد ندیم کے مطابق مفتی عبدالقوی نے خاندان کا بہت نقصان کیا۔ ’ہمارا خاندان عزت والا خاندان ہے جس نے ہزاروں لوگوں کو مذہبی تعلیم دی ہے لیکن حالیہ واقعات پرہمارا خاندان غم میں ہے۔ اس لیے ان سے مفتی کا ٹائٹل واپس لیاجارہاہے اب سے مفتی قوی کو مفتی نہ کہا جائےنہ ہی لکھاجائے ہم مفتی قوی سے مفتی کالقب واپس لے رہے ہیں۔‘
عبدالقوی کا علاج کرانے والے ان کے کزن عبدالقدیر نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ’مفتی قوی کا علاج جاری ہے۔ وہ پہلے ہی نفسیاتی مریض ہیں۔ کرونا سے متاثر ہونے اور دل، شوگرسمیت بلڈ پریشر کے مریض ہونے کے بعد سے ان کا ذہنی توازن بگڑ چکا ہے۔ ان کا ماہر نفسیات سے علاج جاری ہے۔ ذہنی توازن بگڑنے پر انہیں یہ ہوش نہیں رہتاکہ وہ کیا حرکت کر رہے ہیں؟ کہاں جارہے ہیں؟ کہاں سے آرہے ہیں؟ لیکن یہ کیفیت مسلسل نہیں ہوتی۔ کبھی کبھار ایسے لمحات آتے ہیں کہ وہ اپنے ہواس کھو بیٹھتے ہیں۔‘ عبدالقدیر کے مطابق عبدالقوی سے خواتین کے ساتھ بے ہودہ حرکات کی ویڈیو سامنے آنے پر پوچھاگیا کہ وہ کراچی کیوں گئے تھے تو انہوں نے کہاکہ انہیں یاد نہیں کہ وہ کراچی بھی گئے تھے۔ نہ ہی ویڈیو بننے سے متعلق مکمل یاد ہے کہ کب اور کیسے ویڈیوز بنائی گئیں۔
مفتی قوی کے قریبی عزیز عبدالکبیر قوی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ مفتی قوی کو گھر تک محدود کردیاگیاہے انہیں فون استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں۔ انہوں نے مفتی کا کورس کر رکھاہے لیکن ٹائٹل واپس لینے کا مطلب یہ ہے کہ وہ اب مزید خاندان کی بدنامی کا سبب نہ بنیں اور جگ ہنسائی نہ ہو۔
انہوں نے کہاکہ انہیں لوگوں نے استعمال کیاہے اور شہرت کے لیے ان سے ایسی حرکتیں کرائیں کہ وہ اندازہ نہ لگا سکے۔ اس لیے انہیں اب کسی سے بھی ملنے کہیں آنے یاجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان کا فون نمبر بھی بند کر دیاگیاہے۔ اب صرف ان کا علاج ہوگا اور وہ اب گھر میں ہی زندگی بسر کریں گے تاکہ مزید مسائل سے دوچار نہ ہوسکیں۔
یاد رہے کہ مفتی عبدالقوی کا نام ماڈل قندیل بلوچ کے ساتھ آنے کے بعد ان کی تصاویر وائرل ہوئیں تھیں اور اس کے بعد جب قندیل کو ان کے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کیا تو اس کیس میں بھی مفتی قوی پر ملوث ہونے کا الزام لگا، بعد میں عدالت نے انہیں بے گناہ قرار دیاتھا۔ اس کے بعد بھی مفتی قوی کی کئی خواتین کے ساتھ سیلفیاں اور ویڈیوز وائرل ہوئیں ان میں سب سے زیادہ متنازع ویڈیوز ان کی ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کے ساتھ وائرل ہوئیں جو کہ حریم شاہ نے اپنے ٹک ٹاک سے خود شیئر کیں۔ حالیہ ویڈیوز میں بھی حریم شاہ نے ویڈیو کالز لیک کیں جن میں مفتی قوی کی ان سے گفتگو ریکارڈ کی گئی۔ معاملہ اس وقت سنجیدہ ہوا جب مفتی قوی کو کراچی میں حریم شاہ نے تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل کی۔ اس ویڈیو میں حریم شاہ کا چہرہ تو نظر نہیں آیا البتہ مفتی قوی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایاتھا کہ حریم شاہ نے ٹی وی شو میں بلایا تھا، وہاں اچانک کمرے میں آئیں اور تھپڑ مار دیا۔ انہوں نے حریم شاہ کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مشاورت کا بھی کہاتھا۔ لیکن جمعہ کے روز ان کے آبائی شہر ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران ان کے خاندان نے ان پر پابندیاں عائد کر کے مفتی کا ٹائٹل واپس لینے کا اعلان کردیا اور ان کی گھر سے باہرنقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
( بشکریہ : انڈپینڈنٹ اردو )
فیس بک کمینٹ