برصغیر پاک و ہند کے نامور شاعر، استاد سخن ڈاکٹر بیدل حیدری کی چودھویں برسی کے موقع پر انجمن ترقی پسند مصنفین کبیروالا ک پلیٹ فارم سے راقم الحروف اور پنجابی شاعر عبدالستار خاور نے پریس کلب کبیروالا میں ان کی یاد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیاجس کی صدارت کبیروالا کے باکمال شاعر سید قمررضا شہزاد نے کی ۔ اس موقع پر راکب مختار مہمان خصوصی اور سید ساغر مشہدی اور سید فیصل ہاشمی مہمانان اعزاز کے طور پر سٹیج کی رونق بنے ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت محمد عبیداللہ سندھی نے حاصل اور عبدالستار خاور نے ہدیہ نعت پیش کی۔ راقم الحروف نے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔ پروگرام کے پہلے سیشن میں مختلف شخصیات نے ڈاکٹر بیدل حیدری کی ادبی خدمات پر روشنی ڈالی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ حسن محمود رامے ایڈووکیٹ، سید محمود علی شاہ، چوہدری ظہور احمد، ریاض شاہد خان پنیاں ایڈووکیٹ، سردار شہباز احمد خان سیال ، محمد اقبال جوئیہ، اعجاز احمد خان یوسف زئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر بیدل حیدری ایک عظیم شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم انسان بھی تھا جس نے کبیروالا کی بہتری کے لیے بھرپور کاوشیں کی ۔ ڈاکٹر بیدل حیدری بلاشبہ وہ شخصیت ہیں جن پر اہلیان کبیروالا کو ناز ہے اور آپ اردو ادب میں کبیروالا کا ایک بڑا حوالہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کبیروالا کی سرزمین ادبی لحاظ سے زرخیر رہی ہے اور یہاں ڈاکٹر بیدل حیدری جیسی علمی و ادبی شخصیت کے ساتھ ساتھ وفا حجازی، خادم رزمی ، نثار ساجد و دیگر شخصیات نے اپنے فن کا لوہا منوایا اور ثابت کیا کہ کبیروالا اپنے ادبی قد کاٹھ کے حوالے سے کسی بھی بڑے شہر سے کم نہیں ہے۔ اس سیشن کے بعد محفل مشاعرہ کا آغاز کیا گیا جس میں افتخار حسین ڈاڈھے شاہ، نذیر شمسی، اجمل فاروقی، محمد سلیم ثاقب، محمد اکرم غریب آبادی، حاتم نائچ، مقبول فریاد، محسن رضا شافی، مجتبیٰ ظفر سیال، طارق جاوید، اے ڈی انجم، ساحل ہاشمی، مونس ہاشمی، غلا م قنبر چشتی، ریاض ارم، سلطان محمود چمن، قیصر عمران مگسی، عبدالستار خاور، تاثیر جعفری، عماریاسر مگسی، ریاض شاہد پنیاں ایڈووکیٹ، منیرراہی، سید سہیل عابدی، راکب مختار، سید فیصل ہاشمی، ساغر مشہدی اور آخر میں صدرمحفل سید قمر رضا شہزاد نے صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر بیدل حیدری کی ادبی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا اور اپنا کلام سنایا ۔ تقریب میں کبیروالا کے ادبی، صحافتی، سماجی اور سیاسی حلقوں نے بھرپور شرکت کی۔
مشاعرہ میں شرکت کرنے والے شعراءکرام کا نمونہ کلام
سید قمر رضا شہزاد
یہی محنتوں کا صلہ رہا تو پھر اے خدا
مجھے لطف رزق حلال میں نہیں آئے گا
ساغر مشہدی
پہلے چراغ کا دھواں ساغر ابھی ہوا میں تھا
اک اور چراغ بجھ گیا میری نظر کے سامنے
فیصل ہاشمی
میری بزم سے جو چلا گیا تو پتہ چلا اسے رنج تھا
اسے رنج تھا کہ میں دیکھتا میں پکارتا اسے نام سے
راکب مختار
دلاسا دیتے ہوئے لوگ کیا سمجھ پاتے
ہم ایک شخص نہیں کائنات ہارے تھے
منیر راہی
چاند ،ہوا اور ساون رت سے خوش خوش ملنے والے لوگ
وقت سے پہلے مرجاتے ہیں پل پل سوچنے والے لوگ
سید سہیل عابدی
نیند محدود، خواب لامحدود
زندگی کم، حساب لامحدود
ریاض شاہد خان پنیاں
ہم اس کی خاطرمحبتوں کی ہرایک حد سے گزر چکے ہیں
وہ پھر بھی ہم سے یہ پوچھتا ہے ریاض شاہد وفا کرو گے
عمار یاسر مگسی
آپ جس بات پہ اترائے ہوئے پھرتے ہیں
ہم فقیروں میں اسے عیب گنا جاتا ہے
تاثیر جعفری
دامن زر میں ضرورت انسان لیے
ہر گلی موڑ محلے میں خدا بیٹھے ہیں
عبدالستار خاور
سوہنی ، مٹھی، ٹھنڈی چھاں
بیدل سی اک عہد دا ناں
طارق جاوید
طارق اب اس قدر بھی نہ سچے بنو یہاں
رد بھی کیا نہ جاسکے تم کو دلیل سے
فیس بک کمینٹ