ملتان: لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران بلاگرز کے خلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ عدالت عالیہ نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ وہ 20 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش ہوں اور اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ ایوب مغل کی جانب سے اس سلسلے میں ہائی کورٹ ملتان بنچ میں پٹیشن دائر کی گئی تھی ۔سماعت کا آغاز ہوا تو عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان فوری طور پر عدالت میں پیش ہوں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے لیگل ممتاز ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے۔ ہائی کورٹ ملتان بنچ کے سینئر جج مسٹر جسٹس قاسم خان نے اس موقع پر ان سے دریافت کیا کہ سوشل میڈیا پر مواد کیسے شائع ہوا۔ یہ مواد کس نے دیا اور اسے کیسے روکا جا سکتا ہے؟۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ اگلی پیشی پر 20 مارچ کو پیش کی جائے۔ اس موقع پر ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء اور صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔پٹیشنرز کی جانب سے وکلاء کے پینل میں چودھری ذوالفقار سندھو ایڈووکیٹ، اللہ دتہ کاشف بوسن ایڈووکیٹ اور وسیم ممتاز ایڈووکیٹ شامل تھے۔
فیس بک کمینٹ