کولمبو: سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر تین گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں سمیت 8 دھماکوں کے نتیجے میں 207 افراد ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہوگئے۔سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایسٹر کے موقع پر دہشت گردی کی بڑی کارروائی سامنے آئی جہاں یکے بعدیگرے مختلف مقامات پر 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں کو نشانہ بنایا گیا۔سری لنکن پولیس کے مطابق دارالحکومت کولمبو میں آٹھواں دھماکا اس وقت ہوا جب اہلکار ایک گھر میں تلاشی کے لیے داخل ہوئے تو خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ پولیس کے مطابق خود کش دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار بھی ہلاک ہوئے جب کہ دہشت گردی کے تمام واقعات میں ہلاک ہونے والوں میں امریکی اور برطانوی سمیت 35 غیر ملکی شامل ہیں جب کہ 4 پاکستانی بھی زخمی ہوئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کوچیکاڈے ، سینٹ سیبسٹن اور بیٹیکولا چرچ میں اس وقت دھماکے ہوئے جب ایسٹر کی دعائیہ تقریبات جاری تھیں۔
کولمبو میں ہی شانگری ہوٹل، سینیمین گرانڈ اور کنگسبری سمیت ‘دیہی والا’ چڑیا گھر کے قریب ہوٹل میں دھماکے ہوئے، حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں 400 سے زائد افراد زخمی ہوئے اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔دھماکوں کے بعد ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا جب کہ حکومت نے عارضی طور پر سوشل میڈیا کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی۔دھماکوں کے بعد دنیا بھر سے سری لنکن حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی اور دھماکوں کی مذمت کے بیانات آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں خوفناک دہشت گرد حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع کی شدید ترین الفاظ میں مذمت اور سری لنکن بھائیوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان سری لنکا کے ساتھ ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں دہشت گردی کے حملوں میں 138 افراد ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہوئے، امریکا سری لنکا کی مدد کے لیے تیار ہے۔
فیس بک کمینٹ