لاہور : عمران خان کی تیسری شادی کی خبر سوشل میڈیا کی سب سے بڑی خبر بن گئی ۔ عمران کی شادی پر جہاں مبارک بادیںجاری ہیں وہیں اس بارے میں دلچسپ تبصرے بھی سامنے آ رہے ہیں ۔ کالم نگار مبشر زیدی نے لکھا کہ قوم عمران خان کی طرف دیکھ رہی تھی لیکن عمران خان کسی کو دیکھ رہے تھے ، ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ موروثی سیاست کے مخالف نے عروسی سیاست کو فروغ دیا ۔ عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی کی خبر آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ہلچل مچ گئی اور ’مبارک عمران خان‘ پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا۔پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے ٹوئٹر پر عمران خان کو مبارک دیتے ہوئے لکھا: ’یہ ملاپ ان کی زندگی میں اور ہمارے ملک کے لیے تمام برکتیں لائے۔‘اس سے قبل گذشتہ ماہ جب عمران خان کی شادی کی خبریں سامنے آئی تھیں تو اس وقت ان کے ترجمان نے ایک وضاحتی بیان میں بتایا تھا کہ پارٹی کے چیئرمین نے بشریٰ مانیکا نامی خاتون کو شادی کا پیغام دیا ہے اور وہ ان کے جواب کے منتظر ہیں۔پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکریٹیریٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے تحریری بیان میں عمران خان کی شادی کو ان کا نجی اور ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا ’اگر مس مانیکا ان کی شادی کی پیشکش کو قبول کرتی ہیں تو مسٹر خان باقاعدہ طور پر عوام کو اس سے آگاہ کریں گے تب تک ہم میڈیا سے التماس کرتے ہیں کہ وہ دونوں خاندانوں خاص طور پر بچوں کو وقت دیں۔عمران خان کی دوسری شادی اینکر پرسن ریحام خان سے سنہ 2014 میں ہوئی تھی۔ اگرچہ یہ شادی کچھ ہی عرصہ چل سکی تاہم اس وقت بھی ابتدا میں ان کی شادی کے بارے میں خبروں کی تصدیق کرنے سے گریز کیا گیا تھا۔عمران خان کے دوسرے نکاح کی خبریں اس وقت سامنے آئی تھیں جب پشاور پبلک سکول پر حملے کے بعد ملک میں سوگ منایا جا رہا تھا اور قوم صدمے سے گزر رہی تھی۔عمران کی دوسری شادی کی تاریخ پر ایک عرصے تک بحث جاری رہی اور اس بارے میں متضاد دعوے کیے جاتے رہے۔ ریحام خان اور عمران خان کے درمیان علیحدگی کے وقت بھی اس طرح کی صورت دیکھنے میں آئی تھی۔
فیس بک کمینٹ