دبئی : پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ہفتہ کے روز لاہور قلندرز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم بچ گئی تاہم ملتان کو اپنے باقی تمام میچ جیتنا ہوں گے ۔ آج پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست دے دی ۔ کراچی نے ملتان کو 189 رنز کا ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں ملتان کی ٹیم 125 پر ڈھیر ہوگئی۔کراچی کی جانب سے شاہد آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے چار اوورز میں 18 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔ اس کے علاوہ محمد عرفان جونیئر نے دو جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اگرچہ ملتان کے اوپنرز نے جارحانہ انداز میں ہدف کا تعاقب شروع کیا تھا تاہم کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ ملتان کے کامیاب ترین بلے باز احمد شہزاد رہے جنھوں نے 17 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔دونوں ٹیموں کے لیے پاکستان سپر لیگ کے آخری مرحلے تک رسائی کے لیے اہم اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 158 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کر لیا۔آخری اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیتنے کے لیے پانچ رنز درکار تھے جو اس نے ابتدائی دو گیندوں پر ہی حاصل کر لیے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سرفراز احمد نے ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد ریلی رسوو کے ہمراہ اہم اننگز کھیلی اور دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 73 رنز جوڑے۔سرفراز احمد 31 گیندوں پر 45 جبکہ ریلی رسوو نے 27 گیندوں پر 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پشاور زلمی کی جانب سے ڈاسن، عمید، حسن علی اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا سکی پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ 31، رکی ویسلز 31، ڈوائن سمتھ 49 اور کپتان ڈیرن سیمی نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اس جیت کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کی اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں ہیں۔تاہم پشاور زلمی کو پاکستان سپر لیگ کے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنے اگلے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے، اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے، کراچی کنگز تیسرے، ملتان سلطانز چوتھے اور پشاور زلمی پانچویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ لاہور قلندرز کا آخری نمبر ہے۔
فیس بک کمینٹ