اسلام آباد: ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔ اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں یوم ِ پاکستان کی مرکزی تقریب ہوئی ۔ مرکزی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت دیگر سول و عسکری حکام شریک ہوئے ۔سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئے جب کہ متحدہ عرب امارات کی فوج کے دستے نے بھی یوم پاکستان کی تقریب میں پہلی مرتبہ شرکت کی۔ صدر مملکت ممنون حسین کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی ۔تقریب میں تینوں مسلح افواج کے دستوں کا مارچ پاسٹ اور فضائیہ کا ایئر شو بھی ہوا ۔ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی برآمد ہوئے ۔یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میںصدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و استحکام کا راز جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے، درپیش چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کےلئے ضروری ہے کہ جمہوری روایات کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں رواداری ہم آہنگی اور برداشت پروان چڑھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا، اس کی بقاءسلامتی، یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کا راز بھی جمہوریت میں ہی پوشیدہ ہے، آئین کی سربلندی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے بغیر آبرومند نہیں ہو سکتے۔
فیس بک کمینٹ