اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد جنوبی پنجاب صوبے کا قیام ان کی اولین تر جیحات میں شامل ہے،پنجاب میں مثالی بلدیاتی نظام کے ذریعے نچلی سطح سے عوام کے مسائل کا حل یقینی بنائیں گے،جنوبی پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اپنے تمام وعدوں کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ کر کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے،جنوبی پنجاب سمیت پورے ملک میں زراعت اور کاشت کاروں کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کیے جائیں گے،پنجاب ہی اصل میدان جنگ ہے۔پنجاب میں ایسا وزیر اعلی لائیں گے جو حقیقی معنوں میں تبدیلی لائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں بنی گالا میں وہاڑی سے منتخب تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی چوہدری طاہر اقبال اور ملتان سے منتخب رکن رانا قاسم نون سے ملاقات کے دوران کیا ۔اس موقع پر جہانگیر ترین اور وہاڑی سے تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی کے امیدوار چوہدری زاہد اقبال بھی موجود تھے ۔عمران خان نے جنوبی پنجاب سے تحریک انصاف کی کامیابی پر چوہدری طاہر اقبال اور رانا قاسم نون کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے جنوبی پنجاب صوبہ سمیت خطے کی عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کیے جائیں گے۔چوہدری اقبال اور رانا قاسم نون نے اس موقع پر جہانگیر ترین کی اس کامیابی میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت سے پارٹی کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔اس موقع پر چوہدری طاہر اقبال اور رانا قاسم نون نے عمران خان کو تجویز پیش کی کہ حکومت سنبھالتے ہی ایگزیکٹیو آڈر کے زریعے جنوبی پنجاب صوبہ کا سیکٹریٹ مناسب مقام پر قائم کر دیا جائے تا کہ خطے کی عوام کو یہ احساس دلایا جائے کہ تحریک انصاف ان سے کیے گئے تمام وعدوں پر فوری عمل در آمد کیلئے سنجیدہ ہے۔عمران خان نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے اس کو قابل عمل قرار دیا ۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار سنبھالنے کے فوری بعد نچلی سطح پر عوام کو در پیش مسائل کے حل کیلئے پنجاب میں بلدیاتی نظام میں تبدیلی لائے گی۔انہوں نے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان اپنا کام کریں گے نچلی سطح پر ترقیاتی کام عوام کی مرضی کے مطابق ان کے بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے کروائے جائیں گے۔اس موقع پر عمران خان نے پنجاب کو اصل میدان جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ عوام کی نظریں اس وقت ہمارے وزیر اعلی پر ہیں ۔وزیر اعلی کے منصب کیلئے انتہائی متحرک ،فعال اور ایماندار شخصیت کا انتخاب کیا جائے گا۔جو عوام کی امیدوں اور توقعات پر پورا اترے۔اور صوبے میں حقیقی معنوں میں عوام کو تبدیلی نظر آئے گی۔اس موقع پر عمران خان نے جنوبی پنجاب سمیت پورے ملک کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہ ہماری حکومت زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے کر کاشتکاروں کیلئے بہتر سے بہتر مواقع پیدا کرے گی تا کہ وہ نہ صرف ملک کو خوراک میں خود کفیل بنا ئیں بلکہ ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں ۔
فیس بک کمینٹ