کسی کو انکار کرنا یا ناراض ہونا پروفیسر عاصی کرنالی کی لغت میں تھا ہی نہیں۔ان کی زندگی میں ہم نے بارہا ان سے اختلاف کیا، ان سے جھگڑا کیا، ان کے بارے میں تندوتیز کالم اور مضامین بھی لکھے مگر مجال ہے جو ایک آدھ بار کے سوا ان کے لبوں پر کبھی حرف شکایت بھی آیا ہو۔ ہمیں ان سے جب بھی اختلاف ہوتا ہم برملا اس کا اظہار کرتے تھے۔ ہمیں شکایت ہوتی تھی کہ عاصی صاحب کے ہاں ادب سے کمٹمنٹ تو ملتی ہے مگر وہ ادب میں نظریے کے قائل کیوں نہیں؟ ہمیں اعتراض ہوتا تھا کہ وہ فوجی ڈکٹیٹروں کے خلاف آواز بلند کیوں نہیں کرتے؟ وہ جمہوریت کے قتل پر خاموش کیوں رہتے ہیں؟ہمیں ان سے گلہ تھا کہ وہ متشاعروں کو غزلیں کیوں دیتے ہیں؟ اور انٹر ویوز کے دوران جب ان سے پوچھا جاتا ہے کہ کون لوگ اچھے شعر کہہ رہے ہیں تو وہ جواب میں ” اسم شماری سے معذرت“ کیوں کہتے ہیں؟ان پر یہ الزام بھی لگا کہ جنرل ضیاءکے مارشل لاءکے دوران محکمہ تعلیم سے وابستہ بعض جمہوریت پسند ادیبوں ، شاعروں کے تبادلوں اور گرفتاریوں میں بھی ان کا ہاتھ تھا۔ ہم ایسے بہت سے سوالات ان سے بسا اوقات جارحانہ انداز میں بھی کرتے مگر عاصی صاحب کے ماتھے پر کبھی بل نہ آتا تھا۔ وہ نئے لکھاریوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے اور بسا اوقات ان کی تعریف ” ضرورت سے زیادہ“ کے زمرے میں بھی آتی تھی۔ لیکن یہ ان کا ایک انداز تھا تربیت کا اور حوصلہ بڑھانے کا۔ وہ ان لوگوں میں سے نہیں تھے جو نئے لکھاریوں کے کلام سے اوزان کی غلطیاں نکال کر اپنی ” کہنہ مشقی“ کا ثبوت فراہم کرتے ہیں۔ عاصی کرنالی اپنی وضع کے انسان تھے۔ بسا اوقات تو اپنی انکساری اور ملائمت سے لاجواب کردیتے تھے۔
ایک بارہم نے لکھا” عاصی صاحب نام کے شریف ہیں“
جواب آیا” یہ تو ایک حقیقت ہے میرا نام شریف احمد ہی ہے۔“
ہم نے لکھا” ثمر بانو ہاشمی کہتی ہیں۔ میری ساری زندگی کوبے ثمر ا ±س نے کیا“
کہنے لگے” وہ تو یہ کبھی نہیں کہہ سکتیں مگر آپ کا جملہ بہت خوبصورت ہے“۔
ایک مضمون میں ہم نے لکھا اگر ”لبِ خنداں“ کے تمام مضامین عاصی صاحب نے اپنی اہلیہ کے بارے میں ہی لکھے ہوتے تو پوری کتاب معرکة الآرا ہوتی۔“
عاصی صاحب نے جوابی مضمون میں اس جملے کی خاص طور پر تعریف کر دی۔
عاصی صاحب کے بارے میں ہمارے مضامین پر حسین سحر اور اقبال ارشد کو تو غصہ آجاتا تھا مگر عاصی صاحب ہمیشہ مسکرا کر ہمارے جارحانہ جملوں کا خیر مقدم کرتے۔ یہ ایک انداز تھا جواب نہ دے کر لاجواب کرنے کا۔
مشاعروں میں بھی ان کا یہی رویہ ہوتا تھا۔ ہم کبھی غزل میں کوئی غلط مصرع یا غلط لفظ استعمال کرتے تو عاصی صاحب مشاعرے کے بعد ہاتھ تھام کر ہمیں الگ لے جاتے۔ غلطی کی نشاندہی بھی اس انداز میں کرتے کہ جیسے غلطی ہم سے نہیں خود ان سے سرزد ہوئی ہو۔” بس دیکھ لیجئے گا…. ممکن ہے ہم ہی غلطی پر ہوں…. مگر شاید یہ لفظ یوں نہیں یوں ہے“۔
عاصی کرنالی کا سب سے ہی محبت بھرا تعلق تھا لیکن میرے اور ان کے تعلق میں محبت کے ساتھ شکایت بھی شامل رہی۔ اور محبت کے ساتھ جب شکایت شامل ہوجائے تو تعلق مستحکم بھی ہوتا ہے اور یکطرفہ بھی نہیں رہتا۔ مجھے اعتراف ہے کہ عاصی کرنالی نے میری شکایتوں کے جواب میں بھی مجھے محبتوں سے نوازا۔ اکتوبر 1978ءکی صبح انہوں نے نیشنل سنٹر میں میرا ہاتھ تھاما تھا میں اپنے سکول کی طرف سے تقریری مقابلے میں حصہ لینے آیا تھا عاصی صاحب تقریب کی صدارت کر رہے تھے اور میں نے آٹھویں جماعت کے طالب علم کی حیثیت سے ان سے ہی انعام وصول کیا تھا اور انعام وصول کرنے کے بعد تصویر بنوائے بغیر ان سے ہاتھ چھڑا کر واپس پلٹنا چاہا تو انہوں نے فوٹو گرافر انور امروہوی صاحب کے کہنے پر میرا ہاتھ تھام لیا اور اس وقت تک تھامے رکھا جب تک تصویر نہ بن گئی۔ بعد کے برسوں میں میں نے پہلے روز کی طرح ہاتھ چھڑانے کی کوشش کی مگر عاصی صاحب نے میرا ہاتھ مضبوطی سے تھامے رکھا۔ 20جنوری 2011ءکی شام وہ اپنا ہاتھ چھڑا کر چپکے سے عدم کے سفر پر روانہ ہوگئے۔
ڈاکٹر عاصی کرنالی کو ہم سے بچھڑے 12برس بیت گئے۔ ابتدائی چند برسوں کے دوران توان کی برسی کے موقع پر انہیں یاد رکھاجاتاتھا۔ ان کے بچوں میں سے بھی کوئی فون کرکے برسی سے ایک دو روز یا بسا اوقات ایک آدھ ہفتہ قبل ہمیں یاد کرادیتاتھاکہ 20جنوری کو”ابی جان“ کی برسی ہے۔ اس موقع پر اخبارات کو خبر ضرور جاری کیا کریں اوراگر ممکن ہو توسخن ور فورم کی ادبی بیٹھک میں ان کی یاد میںتعزیتی جلسہ بھی کرلیں۔ پھراس کے بعد یوں ہوا کہ ان کی اولاد نے بھی برسی کے موقع پر انہیں یاد کرنا چھوڑ دیا۔
عاصی صاحب کا ملتان آرٹس کونسل کی ادبی بیٹھک کے ساتھ خاص تعلق تھا۔ وہ اپنی زندگی میں ایک سے زیادہ مرتبہ اس بیٹھک میں اپنی اہلیہ ثمر بانوہاشمی کے ہمراہ تشریف لائے۔ پھرجب ان کا انتقال ہوا تو27فروری 2011ءکوسخن ورفورم نے ملتان کی تمام ادبی تنظیموں کے اشتراک سے عاصی کرنالی کی یاد میںملتان کی تاریخ کے سب سے بڑے ادبی ریفرنس کا انعقاد کیا۔مجلس صدارت میں لطیف الزماں خان، ڈاکٹر اسد اریب،ڈاکٹر انیس الرحمن، ڈاکٹرصدیق خان قادری شامل تھے۔تقریب میںہمارے علاوہ شاکر حسین شاکر، وسیم ممتاز،خالد مسعود خان، سہیل عابدی، شارق جاوید، خاکسار حسین، عظمت کمال، اظہر سلیم مجوکہ، نوشابہ نرگس، شگفتہ خاکسار، شہنازنقوی اوروحید اسد نے اظہارخیال کیا۔ لیکن پھریوں ہوا کہ خود ان کے بچوں نے بھی انہیں فراموش کرنا شروع کردیا۔ اس کے باوجود ادبی بیٹھک نے عاصی صاحب کی یاد میں سالانہ تقریب کاسلسلہ جاری رکھا ۔ چند برس قبل ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا ۔واقعہ کچھ یوں تھا کہ ان کے بچوں کے اصرار پر ادبی بیٹھک نے 20جنوری کو عاصی صاحب کی یاد میں تعزیتی تقریب کااہتمام کیا لیکن اس روز اس تقریب میں حاضرین کی شرکت نہ ہونے کے برابر تھی ۔اورتو اور ان کے جن بچوں نے تعزیتی تقریب منعقد کرنے کے لےے کہا تھا وہ خودبھی اس تقریب میں شریک نہ ہوئے۔اوراس دن کے بعداہل ملتان نے ڈاکٹر عاصی کرنالی کو ان کی برسی کے موقع پر بھی یاد کرنا چھوڑ دیا۔
(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)
فیس بک کمینٹ

