پیارے دوستو! محکمہ فلکیات نے ا علان کیا ہے کہ اس دفعہ رمضان المبارک کا پہلا روزہ یکم رمضان کو ہو گا اسی طرح چھوٹی عید آخری روزہ کے فوراً بعد ہو گی محکمہ کے اس چشم کشا اعلان کو سن کر روئیت ہلال کمیٹی کے بڑے مولانا صاحب نے اپنا اجلاس بابت رمضان طلب فرما نے کی تیاری مکمل کر لی ہے جب ان سے پوچھا گیا کہ محکمہء فلکیات کے ہوتے ہوئے آپ کو ایسا کرنے کی کیا ضرورت پیش آ گئی؟ تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے فرمایا وہ ایسا کیوں نہ کریں کہ سال میں صرف دو بار ہی تو لوگ انہیں دھیان سے سنتے ، دیکھتے اور ان کے اعلان کا انتظار کرتے ہیں۔ روئیت ہلال والوں کے ساتھ ساتھ ازخود نوٹس لیتے ہوئے رمضان اور عید کا چاند دیکھنے کے لیئے ملک کی مختلف مساجد کے علماء دین نے بھی اپنی اپنی کمیٹیاں بنا دی ہیں جو اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ ہر بار کی طرح اس بار بھی ملک میں ایک ہی دن رمضان اور عید نہ ہونے پائے۔ رمضان کے بارے میں آپ جانتے ہیں کہ اس مقدس مہینے میں قرآن پاک نازل ہوا تھا لیکن وائے قسمت کہ ہمارے ہاں ہر رمضان میں صرف اور صرف مہنگائی نازل ہوتی ہے اور یہ مہنگائی بھی اس قدر زیادہ ہوتی ہے کہ اسکے اترنے سے غریب عوام کی کمر ٹوٹ جاتی ہے لیکن حیرت انگیز طور پر یہ کمر عید کے فوراً بعد جُڑ بھی جاتی ہے اور دوبارہ اس وقت ٹوٹتی ہے کہ جب حکومت کی طرف سے عوام پر پٹرول بمب ٹائپ کی کوئی چیز گرائی جاتی ہے ۔ رمضان کے سلسلہ میں شنید ہے کہ ٹی وی کی ایک مشہور اور بے باک ادا کارہ نے رمضان ٹرانسمیشن کےلیئے سپیشل ڈریسز سلانے کا آرڈر دے دیا ہے جس میں خاص طور پر کام والا دوپٹہ اور حجاب بھی شامل ہو گا موصوفہ اپنے پروگرام کے ذریعے ہمیں پاکیزہ زندگی گزارنے اور اس کے فضائل و برکات سےآگاہ فرمائیں گی۔ اسی طرح ایک مشہور مذہبی اسکالر نے اس مبارک مہینے میں اپنے ٹی وی شو کے ذریعے عوام کو جوا ٹائپ گیم کھلانے کی تیاریاں مکمل کر لیں ہیں جبکہ ان کے ساتھ پینل میں ملک کے جید علما ءحق بھی شامل ہوں گے جو کہ عوام کو تراویح پڑھنے کے فوائد سے آگاہ فرمائیں گے اور جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ یہ شو عین تراویح کے وقت ٹی وی سے براہِ راست ( لائیو) نشر ہو گا ۔ اسی طرح سننے میں آیا ہے کہ رمضان کی آمد کے پیشِ نظر ملک کے تمام درزی حضرات نے بھی ثوابِ دارین حاصل کرنے کے لیئے سلائی کے ریٹ ڈبل کر دیئے ہیں۔
دوستو! جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ رمضان میں شیطان کو بند کر دیا جاتا ہے چنانچہ جہاں رمضان کی آمد سے قبل ہی شیطان ایک ماہ کی چھٹی پر جانے کے لیئے کمر باندھ رہا ہوتا ہے وہیں ہمارے نیک دل اور جزبہء حب الوطنی سے سرشار خدا ترس تاجر حضرات اس مبارک مہینے میں مزید منافع کے لیئے اپنی کمر کس رہے ہوتے ہیں چنانچہ شنید ہے کہ کچھ خدا ترس حضرات نے تو اس خوف سے کہ کہیں رمضان کے مقدس مہینے میں چائے کی پتی میں کمی نہ ہو ڈبل شفٹ میں کام کرتے ہوئے اس میں میں چنے کے چھلکے پیس کر اور پھر ان پر رنگ کر کے مارکیٹ میں لانے کی تیاری کر رہے ہیں اور وہ یہ مشقت اس لیئے اُٹھا رہے ہیں کہ رمضان کے دوران عوام کو چائے کی پتی بروقت اور ہر وقت وافر مقدار میں میسر آ سکے۔ اسی طرح رمضان کے پیشِ نظر ہول سیل کا کام کرنے والے دیگر نیک نام و نیک دل تاجران صاحبان جن میں سے اکثر یت نے دو دو حج اور بے شمار عمرے کیئے ہوئے ہیں عوام کی سہولت کے پیشِ نظر دھڑا دھڑ مرچوں میں چوکر ملا رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ہلدی میں میدہ اور چاول کا آٹا رنگ ڈال کر اسے دگنا کر رہے ہیں وہ اسے ڈبل ریٹ پر بیچ کر اس دفعہ بھی عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے چونکہ اس مقدس ماہ میں افطاری کے وقت کیچ اپ ایک لازمی آئٹم ہوتی ہے اس لیئے ان غریب پرور تاجران نے اس بات کا بھی خاص اہتمام کیا ہے کہ اس دفعہ کیچپ کی قلت نہ ہونے پائے چنانچہ وہ ٹماٹروں کی بجائے آلو، کدو، اراروٹ اور رنگ ڈال کر کیچپ تیار کر رہے ہیں تاکہ غریب عوام افطاری و سحری میں اس سے جی بھر کر لطف اندوز ہو سکیں۔ سچ ہے دوستو اس زمانے میں ایسے نیک دل لوگ کہ جن کے دلوں میں غریب عوام کا درد کوٹ کوٹ کر بھرا ہو بھلا کہاں ملتے ہیں؟ ابھی کل ہی کی بات ہے کہ شہر کے ایک مشہور تاجر جو کہ درجن بھر مساجد کمیٹیوں کے نہ صرف ممبر ہیں بلکہ مرکزی مسجد کے صدر بھی ہیں اور اس ماہ مبارک میں ہر سال عمرہ کی سعادت بھی حاصل کرتے ہیں اپنے ملازم سے کہ رہے تھے کہ رمضان کے آنے سے پہلے پہلے سارا اناج ذخیرہ کر لو اور خبردار جو اسے رمضان سے پہلے مارکیٹ میں لائے چونکہ آپ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے سخت خلاف ہیں اس لیئے آپ نے فیصلہ کیا ہے کہ عمرہ سے واپسی پر آپ برائے اصلاع عوام الناس بعداز نمازِ عصر مرکزی جامع مسجد میں اس قببع فعل پر روزانہ درس دیاکریں گے یہی حضرت اپنے دوست کو بتا رہے تھے کہ وہ اللہ کے حکم سے ہر رمضان میں غریبوں کو مفت افطاری و سحری کرواتے ہیں دوستو جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ رمضان رمض سے نکلا ہے اور رمض کے معنی ہیں جل جانا چنانچہ رمضان گناہوں کو جلا دیتا ہے لیکن ہمارے ہاں رمضان میں گناہوں کو جلانے کے ساتھ ساتھ دل جلانے کا بھی خاص اہتمام کیا جاتا ہے اس لیئے میرے ملک کے غریبو! تیار ہو جاؤ کہ رمضان آ رہا ہے۔
فیس بک کمینٹ