بہاول پور :سرائیکی زبان کے معروف شاعر شاکر شجاع آبادی کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نےان کی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا ہے ۔
رپورٹس کے مطابق بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی میں اسپیشل کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔جس میں گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمن نے خصوصی شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ میں محمد شاکر شجاع آبادی آپ کو آپ کے اعلیٰ کام کی بدولت اعزازی ڈاکٹریٹ کی سند عطاء کرتا ہوں۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے جامعہ کے اس امر کو سراہتے ہوئے پاکستان میں اعزازی اسناد نواز نے کے رجحان کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
پروفیسر اطہر لاشاری نے کہا کہ شاکر شجاع آبادی بول نہیں سکتے، پر ا ن کی آواز جہان سنتا ہے ، وہ چل نہیں سکتا مگر شاعری کی اڑن طشتری پر سوار ہو کر وہ کروڑ وں دلوں میں محو پرواز رہتا ہے۔پروفیسر آغا صدف کا کہنا تھا کہ شاکر شجاغ آبادی وسیب کا ایک ایسا نام ہیں جس پر کوئی دوسرا نام نہیں آسکتا، جامعہ نے جو ان کو اعزازی ڈگری دی ہے وہ ہمارے لیے بھی بڑا اعزاز ہے۔

