صادق آباد : رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں واقع نجی بینک میں دھماکے سے 20 افراد زخمی ہوگئے جب کہ بینک کی عمارت مکمل تباہ ہوگئی۔ جیونیوز کے مطابق صادق آباد میں واقع نجی بینک میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں بینک کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوکر ملبے کا ڈھیر بن گئی جب کہ واقعے میں 20 افراد زخمی ہوگئے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، ریسکیو اہلکاروں نے زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ ڈپٹی کمشنر جمیل احمد نے بتایا کہ واقعے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے طبی عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے سے سے قریبی عمارتوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا جب کہ عمارت کے قریب کھڑی 6 موٹر سائیکلوں، ایک کار اور ایک بس کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا، ڈی پی او صادق آباد عمر سلامت کا کہنا ہے کہ فی الحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا ہے لیکن بظاہر یہ سلنڈر کا دھماکا لگتا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
فیس بک کمینٹ