کوئٹہ : کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن سے نامعلوم مسلح افراد نے دو چینی باشندوں کو اغوا کرلیا۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مغوی باشندوں میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہے اور جن کی شناخت چینی شہریوں کے طور پر کی گئی۔پولیس کے مطابق ان چینی باشندوں کے ساتھ ایک اور غیر ملکی خاتون بھی موجود تھی تاہم اغوا کار اسے اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ واقعے کے حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ یہ غیر ملکی باشندے چینی زبان سکھانے کیلئے تعلیمی ادارے کی طرف بغیر سکیورٹی پیدل سفر کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ملزمان سفید رنگ کی جی ایل آئی میں سوار تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ مسلح اغوا کاروں کی فائرنگ سے ایک راہ گیر زخمی ہوا جسے علاج کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
فیس بک کمینٹ