اسلام آباد : پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو بھی 5 جولائی کو طلب کرلیا۔جے آئی ٹی نے سمن جاری کرتے ہوئے مریم نواز کے علاوہ ان کے بھائی حسین نواز اور حسن نواز کو بھی دوبارہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔ حسن نواز کو 3 جولائی کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم ملا ہے جبکہ حسین نواز کو 4 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔ جے آئی ٹی نے 25جون کو مریم نواز کی طلبی کا سمن جاری کیا تھا جس میں ان کو لندن فلیٹس اور دیگر بیرون ملک کاروبار کی تفصیلات بھی پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ پاناما پیپرز کی تحقیقات کے دوران اب تک شریف خاندان کے 5 افراد جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوچکے ہیں، جن میں وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر اعظم کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کے علاوہ وزیر اعظم کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر شامل ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ مریم نواز اس وقت اپنے بیٹے کی گریجویشن کی تقریب کے سلسلے میں بیرون ملک گئی ہوئی ہیں تاہم وہ 5 جولائی تک جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گی یا نہیں اس کی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔
فیس بک کمینٹ